ایبٹ آباد(نامہ نگار)پی ٹی آئی کے سجاداکبرخان کا رچھ بہن میں کامیاب جلسے نے مخالفین کی نیندیں حرام کردیں۔ اہم شخصیات نے کھل کر حمایت کا اعلان کردیا۔اس ضمن میں ذرائع نے صحافیوں کو بتایاکہ پاکستان تحریک انصاف کے سابق امیدوار برائے صوبائی اسمبلی سجاداکبرخان نے آئندہ عام انتخابات کے حوالے سے حلقہ پی کے چھیالیس کی مختلف یونین کونسلوں میں عوامی اجتماعات کے انعقاد کا سلسلہ شروع کررکھاہے۔ قبل ازیں جبڑیاں اور قلندرآباد میںبڑے بڑے جلسے کئے جاچکے ہیں۔ یونین کونسل پاوا کے علاقے رچھ بہن میں بھی جلسے کا انعقاد کیاگیا۔ سجاد اکبرخان جب رچھ بہن پہنچے تو مقامی لوگوں نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ نوجوان اور بوڑھے ڈھولک کی تھاپ پررقص کرتے رہے۔ لوگوں کی بھرپور شرکت کی وجہ سے جلسہ گاہ میں تل دھرنے کی بھی جگہ نہ رہی۔ جلسہ کے دوران راجہ اقبال، پرنسپل (ر) صادق، قاضی عابد ہاشمی، پروفیسر اسلم، نائب ناظم راجہ ضمیر و دیگر عمائدین نے آئندہ انتخابات میں سجاد اکبر خان کو یونین کونسل پاوا سے بھاری اکثریت سے کامیاب کرانے کا اعلان کیا۔ قاضی عابد ہاشمی، چوہدری سلیمان اور دیگر نے اپنے خطاب میں حلقہ کے ایم پی اے قلندرلودھی کو آڑے ہاتھوں لیا۔ جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے سجاداکبر خان نے کہاکہ میں آج آپ سے وعدہ کرتاہوں کہ سرکاری محکمے میں حلقہ سے باہر کا کوئی بھی آدمی بھرتی نہیں ہوگا۔ جس طرح یوسف ایوب نے ہری پور میں اربوں روپے کے ترقیاتی کام کروائے ہیں۔
ان شاءاللہ اسی طرح میں بھی حلقہ میں اربوں روپے کے ترقیاتی کام کرواﺅں گا۔ محکمہ خوراک، ریسکیوڈبل ون ڈبل ٹو اوردیگرسرکاری محکموں میں ملازمتوں کیلئے مقامی نوجوانوں کی بجائے اٹک پار کے لوگوں کو بھرتی کیاگیا۔ جوکہ مقامی نوجوانوں پر بہت بڑاظلم ہے۔اگر یوسف ایوب بغیرکسی وزارت کے ہری پور میں 47ارب روپے کے فنڈز لاسکتے ہیں تو صوبائی وزیر خوراک قلندرخان لودھی کیوں نہیں لاسکتے؟ حلقہ کے لوگوں نے آپ کو حقوق کے حصول کیلئے اسمبلی میں بھیجاتھا۔ جب آپ نے پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کی تو میں نے دل کی اتھاہ گہرائیوں سے آپ کو خوش آمدید کہا۔ مجھے کیا معلوم تھاکہ ہم اپنے نصیب میں وہ گھڑا لارہے ہیں۔ جوکرپشن کا گڑھاہے۔ قلندرآباد میں جلسے سے قبل وزیر موصوف نے بلدیاتی نمائندوں اورنامی گرامی شخصیات کے ذریعے لوگوںکو جلسے میں شرکت سے منع کیا۔ اگر آپ کی بندوقوں میں سے بارود نکلتاہے تو ہماری بندوقوں سے بھی پانی نہیں نکلتا۔ ہم اینٹ کا جواب پتھر سے دیں گے۔ پندرہ سال تک حلقہ پر حکمرانی کرنیوالوں نے مایوسیوں کے سوا کچھ نہیں دیا۔ سجاداکبرخان نے مزید کہاکہ رچھ بہن میں جب میں نے جلسہ کے انعقاد کا اعلان کیا تو کل ہی وہ رچھ بہن کے بلدیاتی نمائندوںکے پاس پہنچ گئے۔ عمران خان نے ہمیں بولنے کا حوصلہ اور ہمت دی۔ میری آپ سے اپیل ہے کہ اپنے حق کیلئے اٹھ کھڑے ہوں۔ روائتی سیاستدانوں کو مکمل طور پر مسترد کریں۔