احتساب عدالت کے سابق جج ارشد ملک کورونا کے باعث انتقال کرگئے

0
12

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) احتساب عدالت کے جج ارشد ملک انتقال کرگئے، سابق جج ارشد ملک کورونا کے باعث ایک ہفتے سے وینٹی لیٹر پر تھے، نماز جنازہ مندرہ میں ادا کی گی، پسماندگان میں 2 بیٹے اور 2 بیٹیاں شامل ہیں۔

سابق جج ارشد ملک کو کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر ہسپتال داخل کرایا گیا تھا جہاں آج ان کا انتقال ہوگیا۔ ارشد ملک کو لاہور ہائیکورٹ کی انتظامی کمیٹی نے ویڈیو سکینڈل کیس میں عہدے سے برطرف کر دیا تھا، انہوں نے انتظامی کمیٹی کے فیصلے کو چیلنج کر رکھا تھا۔

یاد رہے کہ جج ارشد ملک نے سابق وزیرِ اعظم اور مسلم لیگ نون کے قائد میاں محمد نوازشریف کو 24 دسمبر 2018ء کو العزیزیہ ریفرنس میں 7 سال قید اور جرمانے کی سزا سنائی تھی جب کہ فلیگ شپ ریفرنس میں انہیں بری کر دیا تھا۔
6 جولائی 2019ء کو نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز ایک مبینہ آڈیو ویڈیو ٹیپ سامنے لائی تھیں جس کے مطابق جج ارشد ملک نے دباؤ میں آکر یہ سزا سنائی تھی تاہم جج ارشد ملک نے اس کی تردید کرتے ہوئے ویڈیو کو جعلی قرار دیا تھا۔

مریم نواز نے یہ مطالبہ بھی کیا تھاکہ چونکہ جج نے ویڈیو میں خود اعتراف کر لیا ہے لہٰذا نواز شریف کو سنائی جانے والی سزا کو کالعدم قرار دے کر انہیں رہا کیا جائے۔

سپریم کورٹ آف پاکستان کی جانب سے بعد ازاں اس معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے ارشد ملک کو احتساب عدالت کےجج کے عہدے سے ہٹا کر او ایس ڈی بنا دیا گیا تھا، عدالتِ عظمیٰ نے اس معاملے پر تفصیلی فیصلہ بھی جاری کیا تھا۔
بعد میں چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ محمد قاسم خان کی جانب سے اس معاملے پر 7 رکنی انتظامی کمیٹی قائم کی گئی تھی جس نے انکوائری رپورٹ میں مس کنڈکٹ ثابت ہونے پر ارشد ملک کو ملازمت سے برطرف کر دیا تھا۔
دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس سے 55 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 8 ہزار 260 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 4 لاکھ 10 ہزار 72 ہوگئی۔
گزشتہ ماہ چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ جسٹس وقار احمد سیٹھ کورونا وائرس کے باعث انتقال کر گئے تھے۔

کوئی تبصرہ نہیں