معروف کاروباری شخصیت عقیل کریم ڈھیڈی کا کہنا ہے کہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے بزنس کمیونٹی سے ملاقات میں کسی بھی سیاسی جماعت کے مخلص نہ ہونے پر کوئی بات نہیں کی۔
جیو نیوز کے پروگرام آج شاہزیب خان زادہ کے ساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے عقیل کریم ڈھیڈی نے کہا کہ ساری سیاسی جماعتوں میں اچھے اور برے لوگ ہیں، آرمی چیف عاصم منیر نے بزنس کمیونٹی سے ملاقات میں کسی بھی سیاسی جماعت کے مخلص نہ ہونے پر کوئی بات نہیں کی۔
انہوں نے کہا کہ جب ہم آرمی چیف سے ملنے گئے تو ہمارے مورال ڈاؤن تھے مگر جب ملاقات ختم ہوئی تو سب کے مورال ہائی تھے ، ہر آدمی مطمئن تھا ۔
عقیل کریم ڈھیڈی کا کہنا تھا کہ آرمی چیف نے اسمگلنگ کے خاتمے کی بات کی تھی اور ڈی جی رینجرز اور کور کمانڈر کو اس حوالے سے ہدایت کی، آرمی چیف نے بزنس کمیونٹی کو یقین دہانی کرائی کہ اسمگلنگ پر قابو پائیں گے اورکراچی کے حالات بہتر ہوں گے۔