Sargaram | Newspaper

اتوار 03 مارچ 2024

ای-پیپر | E-paper

آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت خصوصی عدالت قائم، شاہ محمود قریشی کو پیش کردیا گیا

Share

اسلام آباد: آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت درج مقدمات کی سماعتوں کے لیے اسلام آباد میں خصوصی عدالت قائم کردی گئی جس میں شاہ محمود قریشی کو پیش کردیا گیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق انسداد دہشت گردی عدالت نمبر ایک کے جج ابوالحسنات محمد ذوالقرنین کو خصوصی عدالت کا جج مقرر کیا گیا ہے  جو آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت درج کیے گئے مقدمات کی سماعت کریں گے۔

انسداد دہشت گردی عدالت نے تصدیق کی ہے کہ آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت ملک بھر میں صرف ایک ہی عدالت قائم کی گئی ہے، آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت اسی عدالت میں ان کیمرا پروسیڈنگز ہوں گی۔

دریں اثنا عدالت میں آج پہلا مقدمہ شروع ہوگیا، تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی کو عدالت میں پیش کردیا گیا۔ ان پر آفیشل سیکریٹ ایکٹ کے تحت سائفر گمشدگی کا مقدمہ درج ہے۔

جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے شاہ محمود قریشی کے خلاف ان کیمرا سماعت شروع کردی، اس دوران کمرہ عدالت میں موجود غیر متعلقہ افراد کو باہر نکال دیا گیا، عدالت کے باہر پولیس کی نفری تعینات کردی گئی۔

ایف آئی اے کی جانب سے شاہ محمود قریشی کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی جس پرعدالت نے فیصلہ محفوظ کرلیا، ایف آئی اے نے شاہ محمود قریشی کا تیرہ روزہ جسمانی ریمانڈ طلب کیا ہے۔

Share this Article
- اشتہارات -
Ad imageAd image