پشاور: پشاور میں مبینہ خود کشی کرنے والے اطالوی سیاح کے کمرے سے برآمد ہونے والے فنگر پرنٹس اور غیر ملکی کرنسی کو فرانزک لیبارٹری بھجوا دیا گیاہے جبکہ روزنامچہ رپورٹ بھی تیار کر لی گئی ہے ۔
تفصیلات کے مطابق روزنامچے میں کہاگیاہے کہ اطالوی سیاح جس کا نام جوشوا موئسس ہے ، کی لاش پشاور کے علاقے ناصر باغ کے ایک فلیٹ سے برآمد ہوئی ، جو کہ سیاحتی ویزے پر پشاور آیا تھا، اس نے ناصر باغ میں عثمان خان نامی شہری سے فلیٹ کرائے پر لیا ۔متوفی کی تاحال پوسٹ مارٹم رپورٹ سامنے نہیں آسکی ہے ۔
4 دسمبر کو عثمان خان اطالوی سیاح سے کئی روز تک رابطہ نہ ہونے پر فلیٹ پہنچا تو اس نے دروازے پر تحریری چپساں دیکھی جس کے بعد اس نے فوری پولیس کو اطلاع کی ، تحریر میں درج تھا کہ ” پولیس کو بلا لیں ، کمرے کی چابی کچن میں ہے”۔
پولیس جب موقع پر پہنچی تو کمرہ لاک تھا ، کمرے کو کھول کر دیکھا گیا تو اندر متوفی کی لاش پڑی تھی ،ا س کے گلے پر سی بندھی ہوئی تھی ،کمرے سے مختلف فنگر پرنٹس اور ملکی و غیر ملکی کرنسی برآمد ہوئی ہے جسے فرانزک کیلئے لیبارٹری بھیج دیا گیاہے ۔