اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے ملک میں عام انتخابات کی تاریخ کے لیے صدر مملکت سے ملاقات کا وقت مانگ لیا۔
ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن کی جانب سے سپریم کورٹ میں سماعت کے دوران انتخابات کی تاریخ بتائے جانے کے بعد الیکشن کمیشن حکام نے ایوان صدر سے رابطہ کیا ہے، جس میں صدر مملکت سے ملاقات کے لیے آج کا وقت مانگا گیا ہے۔
سیکرٹری الیکشن کمیشن کے مطابق ملک میں عام انتخابات کے حوالے سے صدر مملکت سے مشاورت کی جائے گی، جس کے بعد عدالت میں سبمیشن جمع کروا دی جائے گی۔ الیکشن کمیشن کے وکیل نے اس سلسلے میں عدالت کو آگاہ کردیا ہے کہ الیکشن کمیشن صدر سے انتخابات سے متعلق مشاورت کرے گا۔ الیکشن کمیشن کا اس سلسلے میں کہنا ہے کہ آئینی بحث میں پڑے بغیر صدر مملکت سے مشاورت کی جائے گی۔
دوسری جانب الیکشن کمیشن کا ہنگامی اجلاس منعقد ہوا۔ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں سپریم کورٹ کی ہدایات کی روشنی میں پیدا ہونے والی صورتحال سے متعلق غور کیا گیا۔
ذارئع کے مطابق اجلاس میں صدر مملکت سے ملاقات سے متعلق بھی مشاورت کی گئی علاوہ ازیں انتخابی تاریخ سمیت آئندہ کے لائحہ عمل پر غور کیا گیا۔ علاوہ ازیں وکیل سے مشاورت بھی کی گئی ہے کہ الیکشن کمیشن سپریم کورٹ میں کیا مؤقف دے گا۔ چیف الیکشن کمشنر کی زیرصدارت اجلاس میں الیکشن کمیشن کے وکیل ،سیکرٹری اور قانونی ٹیم نے شرکت کی۔ اجلاس میں چیف الیکشن کمشنر کے سپریم کورٹ کے سامنے پیش ہونے سے متعلق بھی غور کیا گیا۔