Sargaram | Newspaper

ہفتہ 14 دسمبر 2024

ای-پیپر | E-paper

ایف آئی اے کی کارروائی، جعلی ڈپٹی ڈائریکٹر گرفتار

Share

ایف آئی اے پشاور اینٹی کرپشن سرکل نے کارروائی کرتے ہوئے جعلی ڈپٹی ڈائریکٹر کو گرفتار کر لیا ملزم متعدد سرکاری افسران سے انکوائری کے نام پر سونا ہتھیا چکا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق ایف آئی اے پشاور کے اینٹی کرپشن سرکل نے کارروائی کرتے ہوئے جعلی ڈپٹی ڈائریکٹر سجاد کو گرفتار کر لیا جو متعدد سرکاری افسران کو انکوائری کے نام پر ہراساں کرکے ان سے کئی تولہ سونا ہتھیا چکا ہے۔

ترجمان ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ملزم سجاد کا تعلق ہری پور سے ہے جو خود کو حساس ادارے کا افسر ظاہر کرتا رہا اور اس نے شکایت کنندہ کو سپوفنگ ٹیکنالوجی کا استعمال کرکے کالز کیں۔

ترجمان کے مطابق ملزم نے خود کو جعلی ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے ظاہر کر کے شکایت کنندہ کو جعلی انکوائری پر 25 تولے سونا بمعہ رسیدوں کے ہوٹل بلایا جہاں ملزم کے ساتھ متعدد جعلی اہلکار بھی موجود تھے۔

درخواست گزار کی شکایت پر ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل ٹیم نے کارروائی کر کے ملزم کو ہوٹل سے رنگےہاتھوں گرفتار کر لیا جس کے قبضے سے متعدد جعلی شناختی کارڈز اور دو موبائل فون بھی برآمد ہوئے جب کہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ملزم سوشل میڈیا کا استعمال کرتے ہوئے سرکاری افسران کا ڈیٹا اور کال ریکارڈ بھی آن لائن حاصل کرتا تھا جس کے بعد وہ متعلقہ افسران کو کالز کرکے جعلی انکوائریوں کے نام پر ہراساں کرتا تھا۔

Share this Article
- اشتہارات -
Ad imageAd image