Sargaram | Newspaper

ہفتہ 27 جولائی 2024

ای-پیپر | E-paper

اے پی ایس کے سانحہ عظیم نے اس قوم کا عزم مضبوط ترکیا: نگران وزیراعظم

Share

اسلام آباد: نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہےکہ  آرمی پبلک اسکول پشاورکے سانحہ عظیم نے اس قوم کا عزم مضبوط ترکیا۔

سانحہ آرمی پبلک اسکول کی نویں برسی پر جاری پیغام میں نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ 9 برس پہلے آج کے دن دہشتگردوں نے آرمی پبلک اسکول پشاورپربزدلانہ حملہ کیا، یہ ایسا سانحہ تھا جس نے دنیا بھرکی آنکھیں نم کردیں، آج بھی جب اس دن کو یاد کرتا ہوں تو آنکھیں اشکبار ہو جاتی ہیں، دشمن نے ہمارےمستقبل، ہمارےچمن کی ننھی کونپلوں کو روندکرقوم کاحوصلہ پست کرنےکی ناکام کوشش کی۔

نگران وزیرِاعظم نے کہا کہ آرمی پبلک اسکول پشاورکے سانحہ عظیم نے اس قوم کا عزم مضبوط ترکیا، قوم کی ہمدردیاں ان والدین کے ساتھ ہیں جن کے بچوں نے اس سانحے میں عظیم قربانی دی، پرنسپل شہید طاہرہ قاضی اور نہتے اساتذہ طالب علموں کو بچانے کیلئے سیسہ پلائی دیوار بن کر ڈٹے رہے اور جام شہادت نوش کیا، آج کا دن ان عظیم شہیدوں کی عظیم قربانی کو یاد کرنے کا بھی دن ہے۔

انوار الحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ پاکستانی قوم دہشتگردی کی جنگ جیت چکی ہے، پاکستانی قوم نے دشمن کے پاکستان میں شر انگیزی اور انتشار پھیلانے کے تمام حربے ناکام کر دیے، پوری قوم پہلے سے زیادہ مضبوط اور اس عفریت کے خلاف متحد ہے، پاکستانی قوم، تمام شرپسندوں کو جہنم واصل کرنے تک اپنی سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، دہشتگردوں اور پاکستان کے امن کے دشمنوں کو میرا واضح پیغام ہے کہ پاکستانی قوم متحد ہے۔

Share this Article
- اشتہارات -
Ad imageAd image