لندن: پاکستان سے تعلق رکھنے والے معروف مصنف اور فلاحی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے والے عارف انیس برطانوی سلطنت کے ’’موسٹ آرڈر آف دی برٹش ایمپائر‘‘ کے رکن بن گئے اور انھوں نے اپنی اس بے مثال کامیابی کو اپنے وطن کے نام کیا ہے۔
پاکستانی نژاد مصنف، روزنامہ ایکسپریس کے کالم نگار اور فلاحی رضاکار عارف انیس کو انسانی ہمدردی کی خدمات پر ’’دی ممبر آف دی موسٹ ایکسیلنٹ آرڈر آف دی برٹش ایمپائر‘‘ (MBE) کا میڈل ونڈسر کیسل میں منعقدہ ایک پُروقار تقریب میں برطانوی شہزادے پرنس آف ویلز شہزادہ ولیم نے دیا۔
اس اعزاز کے لیے عارف انیس کے نام کا اعلان رواں برس سال جون میں بکنگھم پیلس نے کنگ چارلس کی پہلی باضابطہ سالگرہ کے موقع پر کیا تھا۔ اس اعزاز کے لیے برطانوی بادشاہ نے عارف انیس کو ان کی شاندار خدمات پر منتخب کیا تھا۔