Sargaram | Newspaper

ہفتہ 27 جولائی 2024

ای-پیپر | E-paper

بھارتی فوج کی ظفر وال سیکٹر میں فائرنگ، جوابی کارروائی سے بھارتی اہلکار زخمی

Share

راولپنڈی: بھارتی فوج نے ایل او سی کے ظفر وال سیکٹر میں بلااشتعال فائرنگ کی جس سے شہری آبادی کو نقصان پہنچا، جوابی فائرنگ سے بھارتی بارڈر فورس سیکیورٹی کے کچھ اہلکار زخمی ہوگئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق بھارتی فوج نے جمعرات کی رات ظفر وال سکیٹر میں پہلے کواڈ کواپٹر ڈرون کی مدد سے دراندازی کی کوشش کی جس پر پاکستانی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ڈرون کو مار بھگایا۔

اس کے بعد بھارتی بارڈر فورس نے ظفر وال سیکٹر پر بلااشتعال فائرنگ کا سلسلہ شروع کردیا، اس سے سول شہری آبادی کو نقصان پہنچا تاہم پاک فوج نے اس بلااشتعال فائرنگ کا دندان شکن جواب دیا، جوابی فائرنگ سے بھارتی بارڈر فورس کو نقصان اٹھانا پڑا اور ان کے کچھ فوجیوں کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

اس حوالے سے ماہرین دفاعی امور کا کہنا ہے کہ بھارت کی جانب سے بِلا جواز سیز فائر کی خلاف ورزی کے پیچھے قطر کی حکومت کی جانب سے آٹھ بھارتی جاسوسوں کو سزائے موت دینے کی وجہ سے ہونے والی بین الاقوامی ہزیمت بڑی وجہ ہو سکتا ہے اور اس کا مقصد قطر واقعے سے عالمی میڈیا کی توجہ ہٹانا ہے۔

سیکیورٹی ماہرین کے مطابق قطر میں بھارتی جاسوسوں کی سزائے موت سے قبل بھی بھارت کینیڈا میں اپنی خفیہ ایجنسی ”را“ کی جانب سے سکھوں کی ٹارگٹ کلنگ کی وجہ سے حزیمت اٹھا چکا ہے۔

دفاعی امور کے ماہرین کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کی جانب سے 27 اکتوبر کو یوم سیاہ بھرپور طریقےسے منانے کی وجہ سے بھی بھارتی حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہے اور دنیا کی توجہ کشمیر میں سیکورٹی کے بھرتے مسائل سے ہٹانے کیلئے بھی ایک روز قبل بلااشتعال فائرنگ کا ڈرامہ رچایا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ بین الاقوامی اور سفارتی سطح پر خود کو تنہا ہوتا دیکھ کر بھارت کی انتہا پسند حکومت نے پاکستان کے ظفر وال سیکٹر پر بلااشتعال فائرنگ کرکے دنیا کی توجہ اس رسوائی سے ہٹانے کی ناکام کوشش کی ہے۔

Share this Article
- اشتہارات -
Ad imageAd image