Sargaram | Newspaper

ہفتہ 12 اکتوبر 2024

ای-پیپر | E-paper

بیوی، بیٹیوں کو قتل کرنے والے طاہر کا خودکشی سے قبل لکھا گیا خط سامنے آگیا

Share

فیصل آباد: بھڑولیاں والا میں بیوی اور 3 بیٹیوں کو قتل کرنے والے طاہر کا خودکشی سے قبل لکھا گیا خط سامنے آگیا۔

تفصیلات کے مطابق  ڈجکوٹ کے نواحی گاؤں بھڑولیاں والا کے رہائشی پچاس سالہ طاہر پرویز نے اپنی بیوی ناہید، تین بیٹیوں اٹھارہ سالہ رئیسہ، سترہ سالہ حبا اور بارہ سالہ زہرہ فاطمہ کو زہریلی گولیاں کھلا کر ہتھوڑی کے وار کر کے قتل کر دیا۔

ڈی ایس پی نے بتایا کہ ملزم نے بعد میں خود بھی زہریلی گولیاں کھا لیں اور امام مسجد کے پاس جا کر چار صفحات پر مشتمل تحریر دیتے ہوئے بتایا کہ اس نے اپنے اہلخانہ کو قتل کر کے زہریلی گولیاں کھا لی ہیں۔

خط میں طاہر نے لکھا کہ یہ وصیت اس کے لواحقین کے حوالے کر دی جائے، امام مسجد نے کہا کہ طاہر نے بتایا کہ اس نے خود بھی زہریلی گولی کھا لی ہے، ہم نے طاہر کو فوری طور پر اسپتال پہنچایا جہاں وہ دم توڑ گیا۔

وصیت نامے میں طاہر نے لکھا کہ اس نے مختلف افراد سے تین لاکھ روپے ادھار لے رکھے تھے، قرض کی رقم واپس کرنے اور بیوی بچوں کی کفالت نہ کر پانے کی وجہ سے سب کو ماد دیا،  بیوی اور بیٹیوں کے قتل اور میری خودکشی میں کسی کا عمل دخل نہیں ہے۔

طاہر نے خط میں لکھا کہ اگر کوئی قرض کی رقم واپس مانگے تو میرا گھر بیچ کر ادا کر دینا، اہلخانہ کو اس لئے قتل کیا تاکہ بہن بھائیوں پر مالی بوجھ نہ پڑے، میں نے ان کو مارنے کا فیصلہ گیارہ اکتوبر کو کر لیا تھا، میرے بعد میری بیٹیاں کہاں جاتیں، لوگوں نے انہیں برا بھلا کہنا تھا۔

طاہر نے جن افراد سے قرض لیا تھا، تحریر میں ان کے نام اور قرض کی رقم بھی لکھی ہے، طاہر نے ان افراد سے درخواست کی ہے کہ اس کا قرض معاف کر دیں ۔

ڈی ایس پی عطاالرحمان نے مزید بتایا کہ ملزم کی دو بیٹیاں اپنی پھوپھی کے گھر ہونے کے باعث بچ گئیں، طاہر نے زمینداری کے علاوہ گاؤں میں کلینک بھی بنا رکھا تھا۔

Share this Article
- اشتہارات -
Ad imageAd image