غزہ کے جبالیا کیمپ میں اسرائیل کی جانب سے دوسرا حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 200 تک جاپہنچی جب کہ 120 افراد اب تک لاپتا ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق 24گھنٹوں میں غزہ پر اسرائیلی طیاروں کی بمباری سے مزید 250 فلسطینی شہید ہوئے جب کہ اسرائیلی جارحیت سے شہید ہونے والوں کی مجموعی تعداد 8900 سے زیادہ ہوگئی۔
النصر اسٹریٹ پر بیکری کے سامنے جمع افراد پر بم گرایا گیا، امدادی کارروائیوں کے لیے جمع افراد اور ایمبولینسوں پر بھی میزائلوں سے حملہ کیا گیا جس میں بڑی تعداد میں اموات ہوئیں۔
وسطی غزہ میں اسرائیلی طیاروں کی بمباری سے ایک ہی خاندان کے 8 افراد شہید ہوگئے جب کہ تباہ مکانات کی تعداد پونے 2 لاکھ تک جا پہنچی ہے۔
القدس اسپتال کے علاقے میں بھی بمباری کی گئی جس کی وجہ سے فلسطین میں کینسر کے واحد ترک اسپتال کو کام بند کرنا پڑ گیا، اسپتال میں 70 مریضوں کی موت واقع ہونے کا خدشہ ہے۔