پشاور: جماعت اسلامی نے مہنگی بجلی کیخلاف گورنر ہاؤس پشاور کے سامنے دھرنے کا اعلان کردیا۔
جماعت اسلامی خیبر پختون خوا کے امیر پروفیسر ابراہیم نے پشاور میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں مہنگائی بڑھ رہی ہے، بجلی بلوں میں بہت اضافہ کیا گیا ہے، 18 ستمبر سے گورنر ہاؤس کے سامنے دھرنا شروع ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ فیول ایڈجسٹمنٹ کے مد میں عوام کو لوٹا جا رہا ہے، بجلی معاہدوں میں کمیشن کھائے گئے ہیں، فیول ایڈجسٹمنٹ کو خیبر پختونخوا میں کیوں لاگو کیا گیا، یہاں فیول سے بجلی کی پروڈکشن نہیں ہوتی بلکہ ہائیڈرو پاور پلانٹس ہیں، پھر بھی یہاں بجلی مہنگی ہے۔
پروفیسر ابراہیم نے کہا کہ سوشل میڈیا پر چل رہا ہے کہ اگرحکمرانوں نے ہوش کے ناخن نہیں لئے تو ہم اسلام آباد کا رخ کریں گے، 2 ستمبر کی ہڑتال پر جماعت اسلامی کے کارکنان کو گرفتار کیا گیا، ان کےخلاف ایف آئی آر کا سلسلہ بند کیا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر جماعت اسلامی نے جیل بھرو تحریک شروع کی تو ان کی جیلوں میں جگہ نہیں ہوگی، ہم نے عدالتوں کا دروازہ بھی کھٹکھٹایا ہے لیکن کوئی خاطرخواہ جواب نہیں ملا، نگراں وزیر اعظم ہوش میں آجائیں ورنہ عوام کے ہاتھ اور آپ کا گریبان ہوگا۔