لاہور:مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے کہا ہےکہ کچھ کرداروں نے بھاگتے دوڑے پاکستان کو ٹھپ کرکے رکھ دیا اور جن لوگوں نے ملک کو اس حال پر پہنچایا ان کا محاسبہ ہونا چاہیے۔
لاہور میں پارٹی ٹکٹ کے امیدواروں کے اجلاس سے خطاب میں نواز شریف نے کہا کہ ہم نظروں سے اوجھل لیکن دل کے بہت قریب رہے ہیں، اپنے کسی دوست اور ساتھی کو بھولا نہیں ہمیشہ یاد رکھا، آج بھی دعا ہے کہ اللہ اس قوم کو مشکلات سے نکالے۔
انہوں نے کہا کہ قوم نے پچھلے 4سال بہت مشکل دور دیکھا، ہمارے دور میں معیشت بہتر اور ترقی عروج پر تھی اور ہمارے دور میں ہر لحاظ سے معاشرہ آگے بڑھ رہا تھا لیکن کچھ کردار ایسے آئے جنہوں نے دوڑتے پاکستان کو ٹھپ کرکے رکھ دیا۔
انہوں نے کہا کہ قوم ادراک کرے معاشی بے نظمی 2019 سے شروع ہوئی اور 2022 تک ملک میں ہرچیز کا بھٹابیٹھ گیا تھا۔
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ جن لوگوں نے ملک کو اس حال پر پہنچایا ان کا محاسبہ ہونا چاہیے، ان سے پوچھنا چاہیے آپ نے ایسا کیوں کیا، یہ ہمارا ملک ہے ہماری نسلوں نے یہاں رہنا ہے، کم از کم ہم ان کے لیے اچھا ملک چھوڑ کر جائیں۔