ہر ماہ کے آغاز پر بلوں کو دیکھ کر لگتا ہے کہ گزشتہ مہینے کے مقابلے میں قیمتوں میں اضافہ ہوگیا ہے۔
طرز زندگی کے اخراجات میں 2023 کے دوران واقعی اضافہ ہوا ہے۔
اکنامسٹ انٹیلی جنس یونٹ (ای آئی یو) کی جانب سے 2023 کے مہنگے اور سستے ترین شہروں کی فہرست جاری کی گئی ہے۔
ای آئی یو کی جانب سے 14 اگست سے 11 ستمبر 2023 کے دوران دنیا بھر میں طرز زندگی کے اخراجات کا سروے کیا گیا۔
سروے کے مطابق ایک سال کے دوران دنیا بھر میں 200 عام استعمال کی جانے والی اشیا اور سروسز کی قیمتوں میں 7.4 فیصد اضافہ ہوا، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں تو کم ہے مگر 2017 سے 2021 کے مقابلے میں کافی زیادہ ہے۔
البتہ اس سال بجلی اور گیس وغیرہ کی قیتموں نے مہنگائی کی شرح کو زیادہ متاثر نہیں کیا، مگر کچن کے سامان کی قیمتوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا۔
2023 کے لیے مہنگے اور سستے ترین شہروں کی اس فہرست میں 173 شہروں کو شامل کیا گیا اور وہاں سے سیکڑوں اشیا اور سروسز کی قیمتوں کا ڈیٹا اکٹھا کرکے اس کا موازنہ امریکی ڈالر سے کیا گیا۔
تمام تر عوامل کو مدنظر رکھ کر سنگاپور اور سوئٹزر لینڈ کے شہر زیورخ کو مشترکہ طور پر دنیا کے مہنگے ترین شہروں میں سرفہرست قرار دیا گیا۔
گزشتہ سال زیورخ کی جگہ سنگاپور کے ساتھ نیویارک موجود تھا جو اس سال دوسرے نمبر پر سوئس شہر جنیوا کے ساتھ کھڑا ہے۔