Sargaram | Newspaper

بدھ 09 اکتوبر 2024

ای-پیپر | E-paper

سندھ میں سرکاری ملازمین، زکوٰۃ چیئرمینز پر سیاسی سرگرمیوں پر پابندی عائد

Share

سندھ میں سرکاری ملازمین اور تمام زکوٰۃ چیئرمینز کے سیاسی سرگرمیوں کا حصہ بننے اور ان کے تبادلوں پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق محکمہ اوقاف، عشر وزکوٰة مذہبی امور سندھ نے صوبے بھر میں افسران کے تقرر و تبادلوں پر پابندی کے ساتھ سرکاری ملازمین اور زکوٰة چیئرمینز کو سیاسی سرگرمیوں یا انتخابی مہم میں حصہ نہ لینے کا حکم دیا ہے۔

یہ پابندی الیکشن کمیشن اور نگراں وزیر قانون عمر سومرو کی ہدایت پر لگائی گئی۔

اس حوالے سے ایک نوٹیفیکیشن بھی جاری کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ کوئی زکوٰة چیئرمین سیاسی سرگرمی یا انتخابی مہم میں ملوث پایا گیا تو اس کیخلاف ایکٹ 2011 دفعہ 20 اور 28 کے تحت تادیبی کارروائی ہو گی اور مجاز اتھارٹی کے ذریعےانتخابی قوانین کے تحت جرمانہ بھی کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ خالد مقبول صدیقی نے اس حوالے سے چیف الیکشن کمشنر سے شکایت کی تھی۔

سربراہ ایم کیو ایم پاکستان نے چیف الیکشن کمشنر کے نام اپنے خط میں لکھا تھا کہ سندھ میں زکوۃ ڈپارٹمنٹ میں سیاسی تعیناتیاں منسوخ کی جائیں، پیپلز پارٹی کےعہدیداران زکوۃ کمیٹیوں کے چیئرمین تعینات ہیں۔

خالد مقبول صدیقی نے خط میں مزید لکھا تھا کہ عہدیداران اپنے من پسند افراد میں زکوۃ فنڈز تقسیم کرتے ہیں، فنڈز چیئرمینز کے حوالے کرنا دھاندلی کے زمرے میں آتا ہے۔ الیکشن کمیشن کی ذمے داری ہے کہ شفاف انتخابات کا انعقاد یقینی بنائے۔

Share this Article
- اشتہارات -
Ad imageAd image