اسلام آباد: نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے غزہ کے اسپتال پر اسرائیلی بمباری کی شدید مذمت کی ہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں نگران وزیراعظم نے کہا کہ اسپتال کو نشانہ بنانا غیر انسانی فعل ہے کیونکہ عالمی انسانی قانون اسپتالوں اور طبی عملے کو تحفظ فراہم کرتا ہے ۔
نگران وزیراعظم نے فلسطین پر اسرائیل کے اندھا دھند حملے ختم کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ عالمی برادری تشدد روکنے کے فوری اقدامات کرتے ہوئے ذمہ داروں کا احتساب کرے اور اسرائیل کو بے گناہ فلسطینیوں کے قتل عام سے روکے۔
واضح رہے اسرائیل کی جانب سے غزہ میں وحشیانہ بمباری جاری ہے اورصیہونی افواج کے اسپتال پر ہونے والے تازہ حملے میں 500 سے زائد فلسطینی شہید اور 600 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں۔