پبلک سیکیورٹی کی جانب سے مسجد الحرام، مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور ان کے صحنوں میں ماسک پہننے کے حوالے سے اہم انتباہ جاری کردیا گیا ہے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق جنرل سکیورٹی کی جانب سے سابقہ ٹوئٹر Xپر جاری کئے گئے پیغام میں کہا گیا ہے کہ ”اللہ کے مہمان… مسجد حرم اور مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں حفاظت کے لیے ماسک پہنیں“
دوسری جانب سعودی عرب نے پاکستان کے ساتھ عازمین حج اورعمرہ زائرین کے لیے سعودی عرب میں کیے جانے والے انتظامات کے حوالے سے تعاون کے معاہدے کی منظوری دے دی ہے۔
تعاون کے معاہدے کی منظوری گزشتہ روز سعودی فرمانروا شاہ سلمان کی زیرصدارت سعودی کابینہ کے اجلاس میں دی گئی۔
واضح رہے کہ پاکستان کی نگران وفاقی کابینہ رواں سال حج پالیسی 2024 کی اصولی منظوری دے چکی ہے۔
حج پالیسی 2024 کے مطابق رواں پاکستان سے عازمین حج کا کوٹہ ایک لاکھ 79 ہزار 210 رکھا گیا ہے جس میں سے 50 فیصد سرکاری جبکہ باقی نجی اسکیم کے تحت فریضہ حج ادا کریں گے۔