Sargaram | Newspaper

ہفتہ 27 جولائی 2024

ای-پیپر | E-paper

غزہ کے لئے پاکستان سے 20 ٹن امدادی سامان کی تیسری کھیپ روانہ

Share

فلسطینی بہن بھائیوں کی مدد میں پاکستان پیش پیش ہیں۔ غزہ کے لیے امدادی سامان کی تیسری کھیپ پاک فضائیہ کی خصوصی پرواز کے ذریعے نور خان ائیر بیس سے روانہ کی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق امدادی سامان کی تیسری کھیپ پاک فضائیہ کی خصوصی پرواز کے ذریعے نور خان ائیر بیس سے روانہ کی گئی، خصوصی پرواز امدادی سامان لیکر مصر کے شہر العریش پہنچے گی جہاں مصر میں تعینات پاکستانی سفیر امدادی سامان وصول کریں گے۔ امدادی سامان وصولی کے بعد تقسیم کے لئے غزہ روانہ کر دیا جائے گا۔

امدادی کھیپ تقریباً 20 ٹن ضروری اشیاء پر مشتمل ہے جس میں غزہ میں زمینی ضروریات کے مطابق طبی سامان، خشک کھانے کی اشیاء اور بچوں کے لیے گفٹ بیگز  کے علاوہ حفظان صحت کی کٹس بھی شامل ہیں۔

قبل ازیں نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی، پاکستان میں فلسطین کے سفیر احمد ربیع، این ڈی ایم اے، وزارت خارجہ اور مسلح افواج کے سینئر افسران نے نورخان ایئربیس پر روانگی کی تقریب میں شرکت کی۔

اس موقع پر وزیر خارجہ نے فلسطینی عوام کی بھرپور حمایت کا اظہار کیا اور غزہ میں شہریوں بالخصوص خواتین اور بچوں کے خلاف اسرائیل کی جانب سے غیر متناسب اور اندھا دھند طاقت کے استعمال کی مذمت کی۔

وزیرخارجہ نے غزہ کی مصیبت زدہ آبادی کو انسانی امداد کی فوری فراہمی کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ فوری جنگ بندی اور انصاف اور انسانی حقوق کے بنیادی اصولوں کو برقرار رکھنے پر زور دیا۔

جلیل عباس جیلانی کا کہنا تھا کہ غزہ کے لئے مزید انسانی امداد کا بھی انتظام کیا جا رہا ہے جو بہت جلد پاکستانی عوام کی جانب سے بھیجی جائیگی۔

اس سے قبل این ڈی ایم اے نے غزہ کی مصیبت زدہ عوام کے لیے موسم سرما کے خصوصی خیمے، کمبل، ادویات اور فوڈ پیک پر مشتمل دو امدادی کھیپیں بھیجی تھیں، پاکستان مشکل کی اس گھڑی میں فلسطینی بھائی بہنوں کے ساتھ کھڑا ہے اور ان کی حمایت جاری رکھے گا۔

Share this Article
- اشتہارات -
Ad imageAd image