Sargaram | Newspaper

منگل 23 جولائی 2024

ای-پیپر | E-paper

غیرقانونی یہودی بستیاں مسئلہ فلسطین کے حل کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہیں: پاکستان

Share

ترجمان دفتر خارجہ ممتاز  زہرا بلوچ کا کہنا ہے قابض فلسطینی علاقوں پر غیر قانونی یہودی بستیاں مسئلہ فلسطین کے حل کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہیں۔

اسلام آباد میں ہفتہ وار پریس بریفنگ دیتے ہوئے ممتاز زہرا بلوچ کا کہنا تھا پاکستان غزہ میں جنگ بندی کا شدید خواہشمند ہے، ہم چاہتے ہیں کہ جنگ بندی کے دوران غزہ کو ضروری اشیا کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

ان کا کہنا تھا غزہ ایک مقبوضہ علاقہ ہے، نہ صرف غزہ بلکہ فلسطین کے مقبوضہ علاقوں پر بھی اسرائیلی قبضے پر پاکستان سنجیدہ تحفطات رکھتا ہے، ہم فلسطین کے 1967 سے پیشگی سرحدوں پر دو ریاستی حل کے حامی ہیں، ایسی فلسطینی ریاست جس کا دارالحکومت القدس شریف ہو۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے اسرائیل سے سفارتی اور اقتصادی تعلقات نہیں ہیں، پاکستان فلسطینی زمین پر اسرائیل کے منصوبے پر سنجیدہ تحفظات رکھتا ہے، ہم یہودی آباد کاری کو غیر قانونی سمجھتے ہیں، یہ غیر قانونی آباد کاری فلسطین تنازع کے دو ریاستی حل کے رستے میں شدید رکاوٹ ہے۔

 افغان حکومت سے ٹی ٹی پی کیخلاف کارروائی کی توقع رکھتے ہیں: ترجمان دفتر خارجہ

پاک افغان تعلقات اور سرحد پار سے دہشتگردی سے متعلق سوال پر دفتر خارجہ کی ترجمان کا کہنا تھا پاکستان کے افغانستان کے ساتھ ورکنگ ریلیشن شپ ہیں۔

پاکستان کو افغانستان سے دہشتگردی کے خطرات پر تشویش ہے، پاکستان افغان انتظامیہ کے ساتھ دہشتگروں اور ان کی محفوظ پناہ گاہوں پر رابطے میں ہے، افغان انتظامیہ سے رابطے میں ہیں تاکہ دہشتگردی کے نیٹ ورک کا مکمل خاتمہ یقینی بنایا جا سکے۔

ممتاز زہرا بلوچ کا کہنا تھا پاکستان متعدد بار ٹی ٹی پی کی کاروائیوں سے افغانستان کو آگاہ کر چکا ہے، انٹیلی جینس سے متعلق کوئی معلومات شیئر نہیں کر سکتی لیکن افغان حکومت سے کالعدم ٹی ٹی پی کی محفوظ پناہ گاہوں پر کارروائی کی توقع رکھتے ہیں۔

بھارت میں مسلمانوں کیلئے جگہ تنگ ہو رہی ہے: ممتاز زہرا بلوچ

ایک سوال کے جواب میں ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا بھارت پاکستان میں جاسوسی اور دہشتگردی میں ملوث رہا ہے جس پر تشویش ہے، کلبھوشن سے متعلق ہمارا کیس بڑا ٹھوس ہے۔

ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ ہم نے اتر پردیش میں سرٹیفائیڈ حلال خوراک پر پابندی کی رپورٹس دیکھی ہیں، یہ ریاستی پشت پناہی میں بھارت کے اقلیتوں کے خلاف اقدامات اور اسلامو فوبیا کی عکاس ہے، ظاہر ہوتا ہے کہ بھارت میں مسلمانوں کے لیے اسپیس کم ہو رہی ہے۔

سفیروں کی سیاسی رہنماؤں سے ملاقات کی تفصیلات سے آگاہ نہیں: ترجمان دفتر خارجہ

امریکی و برطانوی سفیروں کی سیاسی رہنماؤں سے ملاقات سے متعلق سوال پر ممتاز زہرا بلوچ کا کہنا تھا وزارت خارجہ سفیروں کی سیاسی رہنماؤں سے ملاقات کی تفصیلات سے آگاہ نہیں ہے، امریکی اور برطانوی سفیروں کی پاکستان میں ملاقاتوں سے ہمیں آگاہ نہیں کیا گیا، ان ملاقاتوں کی تفصیلات ان سفارتخانوں اور ہائی کمیشن سے حاصل کی جا سکتی ہیں۔

Share this Article
- اشتہارات -
Ad imageAd image