Sargaram | Newspaper

ہفتہ 14 دسمبر 2024

ای-پیپر | E-paper

فرانسیسی صدر کا اسرائیلی وزیراعظم سے غزہ میں مکمل جنگ بندی کا مطالبہ

Share

پیرس: فرانس کے صدر ایمانوئیل میکرون نے اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو سے ٹیلی فونگ گفتگو میں غزہ میں بڑھتے ہوئے انسانی المیے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فوری اور پائیدار جنگ بندی کا مطالبہ کردیا۔ 

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق فرانس کے صدر  نے اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کو ٹیلی فون کیا اور غزہ میں بچوں خواتین کی ہلاکتوں، امدادی سامان کی ترسیل میں رکاوٹوں، بے گھر افراد کے لیے پناہ گاہوں کی کمی اور اسپتالوں کی تباہی سے صحت کا نظام بیٹھ جانے پر تبادلہ خیال کیا۔

فرانسیسی صدر نے اسرائیلی وزیراعظم کو بتایا کہ ان کا ملک غزہ میں اردن کے تعاون سے طبی سہولیات کی فراہمی کا ارادہ رکھتا ہے اور طبی مراکز کے قیام کے منصوبے پر تیزی سے کام کر رہا ہے۔

یاد رہے کہ فرانس غزہ جنگ میں اسرائیل کا حامی رہا ہے اور ڈھائی ماہ میں تین بار صدر ایمانوئیل میکرون اسرائیل کا دورہ کر چکے ہیں تاہم اب ہلاکتوں کی تعداد 20 ہزار سے تجاوز ہونے اور ان میں بھی نصف تعداد خواتین اور بچوں کی ہونے پر انھوں نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔

فرانسیسی صدر ایمانوئیل میکرون نے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو سے بڑھتے ہوئے انسانی المیے پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ غزہ میں فوری اور مکمل جنگ بندی کے لیے اقدامات اُٹھائے جائیں۔

واضح رہے کہ غزہ پر اسرائیلی بمباری میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 21 ہزار کے قریب پہنچ چکی ہے اور 55 ہزار سے زائد زخمی ہیں شہید اور زخمی ہونے والوں میں نصف تعداد خواتین اور بچوں کی ہے، یہی وجہ ہے کہ اتحادی ممالک بھی اب اسرائیلی ڈھٹائی کے باعث اپنا موقف تبدیل کر رہے ہیں۔

Share this Article
- اشتہارات -
Ad imageAd image