ماضی کی مشہور اور سپر ہٹ بالی وڈ فلم ‘کچھ کچھ ہوتا ہے’ میں انجلی کا کردار ادا کرنے والی اداکارہ کاجول کا کہنا ہے کہ وہ ٹینا کا کردار نبھانے میں زیادہ دلچسپی رکھتی تھیں۔
فلم کچھ کچھ ہوتا ہے 1998 میں بڑے پردے پر ریلیز کی گئی تھی جس میں شاہ رخ خان نے ‘راہول’، کاجول نے ‘انجلی’ اور رانی مکھرجی نے ‘ٹینا’ کا کردار ادا کیا تھا۔
حال ہی میں فلم کی ریلیز کو 25 سال مکمل ہوئے جس سے متعلق ایک انٹرویو کے دوران کاجول نے بتایا کہ فلم میں رانی مکھر جی نے ٹینا کا کردار ادا کیا تھا جس کے لیے انہوں نے پروڈیوسر کرن جوہر سے بہت لڑائی کی تھی کیونکہ وہ ٹینا کا کردار ادا کرنا چاہتی تھی۔
کاجول نے کہا ‘میں نے فلم میں کرن جوہر سے لڑائی کی تھی اور یہ لڑائی ٹینا کے کردار کے لیے کی تھی جس پر کرن جوہر نے مجھے منع کردیا تھا’۔
کاجول کی ضد پر کرن جوہر نے جواب میں کہا کہ ‘تم انجلی کا کردار ادا کررہی ہو، میں نے پھر زور دیا تو کرن نے کہا تمہیں نہیں پتا ٹینا کے ساتھ فلم میں آگے کیا ہونے والا ہے اور اس کے بعد کرن نے مجھے چپ کروادیا’۔
اداکارہ نے مزید بتایا کہ انہوں نے کرن جوہر سے اس کردار کے لیے 45 منٹس تک لڑائی کی تھی اور ہر بار انہیں نہ کا ہی سامنا کرنا پڑا۔