Sargaram | Newspaper

پیر 11 نومبر 2024

ای-پیپر | E-paper

فوجی عدالتوں سے متعلق قرارداد کی منظوری پر سینیٹ میں احتجاج

Share

فوجی عدالتوں سے متعلق قرارداد کی منظوری پر سینیٹ میں سینیٹرز نے نشستوں پر کھڑے ہو کر احتجاج کیا اور نعرے لگائے۔

اس صورتِ حال پر چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کہا کہ ابھی وقفۂ سوالات ہے، ایوان کی عزت کریں اور اپنی اپنی نشست پر بیٹھیں۔

اس موقع پر سینیٹر سعدیہ عباسی نے کہا کہ ہم جب تک سینیٹ سے منظور ہونے والی اس قرارداد کے بارے میں بات نہیں کر لیتے، ایوان نہیں چلنے دیں گے۔

سینیٹر کامران مرتضیٰ نے اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے یہ قرارداد منظور کر کے ایک بُرا کام کیا ہے۔

 سینیٹر زرقا سہروردی نے بھی سینیٹ میں اس قرارداد کی منظوری پر بات کرنے پر زور دیا۔

سینیٹ کی یہ صورتِ حال دیکھ کر چیئرمین سینیٹ نے اجلاس پیر تک ملتوی کر دیا۔

واضح رہے کہ سینیٹ نے آرمی ایکٹ میں ترمیم سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے کے خلاف قرارداد کثرتِ رائے سے منظور کی تھی، اس قرارداد میں کہا گیا تھا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ قانون کو دوبارہ لکھنے اور پارلیمنٹ کے قانون سازی کے اختیار پر اثر انداز ہونے کی کوشش ہے۔

 سینیٹر رضا ربانی اور سینیٹر مشتاق احمد نے اس قراراد کی سخت مخالفت کی تھی۔

Share this Article
- اشتہارات -
Ad imageAd image