Sargaram | Newspaper

ہفتہ 27 جولائی 2024

ای-پیپر | E-paper

مقدمات سے بریت؛ شریف برادران کے لاڈلے ہونے میں کوئی شک باقی ہے؟ پرویز الٰہی

Share

 لاہور: پی ٹی آئی کے  مرکزی صدرچوہدری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ  مقدمات سے بری ہونے پر شریف برادران کے لاڈلے ہونے میں کوئی شک باقی رہ گیا ہے؟۔

عدالت میں پیشی کے  موقع پر صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعلیٰ پنجاب اور پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی صدر چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ  نوازشریف کی فوری بریت کے بعد بھی ان کے لاڈلے ہونے میں کوئی شک باقی رہ گیا ہے؟۔ لاڈلے نوازشریف اور شہبازشریف عوامی عدالت میں اپنے کرتوتوں کا حساب دینے کے لیے تیار رہیں۔

پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ ہیرا پھیری کے چمپئن شریف برادران اللہ اور عوام کی عدالت سے کیسے بچیں گے۔ لاڈلے نوازشریف اور شہبازشریف ایسا تاثر پیدا کر رہے ہیں جیسے یہ چار بار عوام کو دھوکا دینے کے بعد پھر آ جائیں گے۔ اس بار قوم انہیں الیکشن میں آٹے دال کا بھاؤ یاد کروا دیں گے۔ مہنگائی کے شہنشاہ شہبازشریف کو الیکشن میں لگ پتا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ یہ جو بھی ہتھکنڈے استعمال کر لیں عوامی غیض وغضب سے نہیں بچ سکیں گے۔ وہ دن دور نہیں جب عوام ان شا اللہ ان لاڈلوں کو ووٹ کی پرچی کے ذریعے باہر نکالیں گے اور یہ منہ چھپاتے پھریں گے۔ ن لیگ ہر بار عوام کو گمراہ کر کے اقتدار حاصل کرتی ہے، اب ان لاڈلوں کو چاہیے کہ عوام کی جان چھوڑ دیں۔

سابق وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ نوازشریف اور شہبازشریف دونوں اپنے کیس ختم کروا کے بھی سرخرو نہیں ہو سکتے، عوام کو جواب دینا ہو گا۔ شہبازشریف نے 16 ماہ کی حکومت میں سوائے لیول پلیئنگ فیلڈ حاصل کرنے کے کچھ نہیں کیا۔ اس کے بدلے لاڈلوں نے پاکستان کو مہنگائی اور بیروزگاری کا نہ ختم ہونے والا سلسلہ دیا۔

مرکزی صدر پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ تحریک انصاف بلے کے نشان کے ساتھ الیکشن میں اترے گی اور کامیابی بھی حاصل کرے گی۔ فری اینڈ فیئر الیکشن ہوں گے، تحریک انصاف پورے پاکستان میں ہر سیٹ پر اپنا امیدوار کھڑا کرے گی۔ پنجاب کا خزانہ سیاسی عیاشیوں پر اڑانے والے نگراں، بچوں کے لیے قرآنی سپارے نہیں چھاپ رہے جب کہ ہماری حکومت نے بارہویں جماعت تک ناظرہ قرآن کی تعلیم لازمی قرار دی تھی۔

Share this Article
- اشتہارات -
Ad imageAd image