Sargaram | Newspaper

ہفتہ 22 جون 2024

ای-پیپر | E-paper

ملکی معاشی خود انحصاری اور مہنگائی سے نجات کیلئے عوام ہمیں واضح اکثریت دیں: شہباز شریف

Share

لاہور: مسلم لیگ (ن)کے صدر شہباز شریف نے کہا ہےکہ عوام ہمیں انتخابات میں واضح اکثریت دیں تاکہ پاکستان کو معاشی خود انحصاری ملے اور عوام کو مہنگائی سے نجات ملے۔

ایک بیان میں شہباز شریف نے کہا کہ ‎متفقہ قومی معاشی منشور ہی پاکستان کو مسائل کی دلدل سے نکال سکتا ہے، ‎انتخابات میں کامیابی ملی تو نواز شریف کی قیادت میں قومی ترقی کے معاشی منشور پر عمل کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ‎چارٹر آف اکانومی کی تجویز قائد حزب اختلاف کے طور پر دی تھی جس پر آج پوری قوم متفق ہو چکی ہے، ‎سیاسی اور جذباتی بیانات سے نہیں پالیسی اقدامات سے معیشت بحال اور عوام کو مہنگائی سے نجات ملے گی، ‎عوام مہنگائی سے نجات اور معاشی خوشحالی چاہتے ہیں۔

لیگی صدر کا کہنا تھا کہ ہم روزگار مہیا کریں گے اور غربت کا خاتمہ کریں گے، ‎انشااللہ بجٹ خسارا کم کرنا ترجیحات میں شامل ہے، تاریخ گواہ ہے کہ عوام کو مہنگائی سے نجات صرف مسلم لیگ (ن) دلاتی ہے۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ ‎انتخابات میں مہنگائی سے عوام کو نجات دلانے کے لیے حصہ لے رہے ہیں، ‎نواز شریف نے ہمیشہ پاکستان کی معیشت کو سنوارا، پورے پاکستان کو مساوی بنیادوں پر ترقی دی، ہم ‎زرعی انقلاب لائیں گے، صنعت، معدنیات، آئی ٹی کے شعبوں میں مثالی ترقی ہوگی، ‎2000 ارب روپے کے زرعی پیکج نے معاشی بہتری اور زرعی شعبے کی بحالی میں اہم کردار ادا کیا، ‎کاروبار میں آسانی لاکر سازگار معاشی ماحول پیدا کرنا ہے۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ ‎عوام انتخابات میں واضح اکثریت دیں تاکہ پاکستان کو معاشی خود انحصاری ملے اور عوام کو مہنگائی سے نجات ملے، ‎برآمدات میں اضافہ کرکے معاشی پائیداری یقینی بنائیں گے، ‎نوجوانوں کو ہنرمند بنائیں گے، اسٹارٹ اپس کی معاونت اور سرپرستی کرکے کاروباری سرگرمیوں میں تیزی لائیں گے، نوجوانوں کو آئی ٹی کے شعبے کی ترقی کا مرکز و محور بنائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں معاشی ترقی کی طرف توجہ دینا ہوگی، معاشرے کو نفرت اور گالم گلوچ کے کلچر سے پاک کرنا ہے، ‎عوام نے ووٹ دیا تو نواز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) کی توجہ عوامی مسائل کے حل پر ہوگی، ‎نوجوان، کسان، مزدور، محنت کش، دیہاڑی دار، بیوہ، یتیم اور کمزور طبقات کے حل پر خصوصی توجہ ہوگی۔

Share this Article
- اشتہارات -
Ad imageAd image