بھارت میں نشے کے عادی والدین نے منشیات خریدنے کے لیے اپنے دو معصوم بچے فروخت کردیے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ ممبئی کے علاقے اندھیری میں پیش آیا جہاں ممبئی کرائم برانچ نے چھاپہ مار کر شوہر شبیر اور اس کی اہلیہ سمیت 2 افراد کو گرفتار کرلیا۔
رپورٹس کے مطابق چھاپے میں پولیس نے ایک ماہ کی بچی کو ریسکیو کیا جب کہ 2 سالہ بچہ اب تک بازیاب نہیں کرایا جاسکا۔
شبیر اور ثانیہ گزشتہ کئی عرصے سے نشے کی لت میں ہیں جن کے ساتھ شکیل مکرانی اور اُوشا راٹھور نامی ایجنٹ کو گرفتار کیا گیا جس نے بچوں کی فروخت کے لیے کمیشن لیا تھا۔
ممبئی کرائم برانچ کے اہلکار دایا نائککے مطابق اندھیری میں نشے کی لت کے شکار ایک جوڑے نے اپنے 2 بچے نشہ خریدنے کی غرض سے فروخت کیے، جیسے ہی جوڑے کے گھر والوں کو معلوم ہوا تو یہ بات جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی، ملزمان نے لڑکے کو 60 ہزار روپے اور ایک ماہ کی بچی کو 14 ہزار روپے میں فروخت کیا۔
ممبئی کرائم برانچ کے مطابق ملزم شبیر کی بہن روبینہ کو واقعے کا علم ہوا تو اس نے فوری طور پر پولیس اسٹیشن میں اپنے بھائی اور بھابھی کے خلاف درخواست درج کروادی۔