Sargaram | Newspaper

جمعہ 26 جولائی 2024

ای-پیپر | E-paper

نواز شریف احتساب عدالت میں پیشی کیلئے مری سے اسلام آباد پہنچ گئے

Share

مسلم لیگ ن کے قائد  اور  سابق وزیراعظم نواز  شریف احتساب عدالت میں پیشی کے لیے مری سے اسلام آباد پہنچ گئے۔

نواز شریف آج اسلام آباد کی احتساب عدالت اور  اسلام آباد ہائی کورٹ میں  پیش ہوں گے۔

نوازشریف اپنے ذاتی اسکواڈ کے ساتھ براستہ مری ایکسپریس وے روانہ ہوئے تھے، نواز شریف کے ہمراہ مریم نواز شریف اور  وکلا کی ٹیم بھی ہے۔

نواز شریف آج  توشہ  خانہ  ریفرنس کیس میں احتساب عدالت میں پیش ہوں گے، عدالت نے نواز  شریف کے  وارنٹ  آج  تک  معطل کیے تھے، جج احتساب عدالت محمد بشیر نے نواز شریف کو پیشی کے لیے ڈیڑھ بجےتک کا وقت دیا ہے۔

نوازشریف کے وکیل قاضی مصباح نے اسلام آباد کی احتساب عدالت میں 3 درخواستیں دائر کی ہیں۔

وکیل کی جانب سے توشہ خانہ ریفرنس میں نواز شریف کی ضم شدہ پراپرٹی بحال کرنےکی درخواست دائر  کی گئی ہے۔ دوسری درخواست کی گئی ہےکہ  توشہ خانہ کیس میں نواز شریف کا وکیل مقرر کیا جائے۔ عدالت میں نواز شریف کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کی درخواست بھی دائر کی گئی ہے۔

سابق وزیراعظم کی پیشی کے موقع پر  اسلام آباد کے جوڈیشل کمپلیکس کے اندر  اور باہر سکیورٹی بڑھادی گئی ہے۔

 نواز شریف اسلام آباد ہائیکورٹ کے سامنے بھی سرینڈر ہونگے

مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف  آج اسلام آباد ہائی کورٹ کے سامنے بھی سرینڈرکریں گے، ہائی کورٹ نے نواز شریف کی آج تک حفاظتی ضمانت منظور کر رکھی ہے۔

عدالت نے نواز شریف کو  آج  تک گرفتار کرنے سے روکنے کا حکم دے رکھا ہے، نیب نے نوازشریف کو حفاظتی ضمانت ملنے  پرکوئی اعتراض نہیں کیا تھا۔

ایون فیلڈ اور العزیزیہ ریفرنس میں سزا کے خلاف نواز شریف کی اپیلوں  پر سماعت  دن ڈھائی بجےکے بعد ہوگی، چیف جسٹس  اسلام آباد ہائی کورٹ عامرفاروق اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب  اپیلوں کی سماعت کریں گے۔

دوسری جانب سابق وزیراعظم نواز  شریف کی اسلام آباد کی عدالتوں میں پیشی کے موقع پر اسلام آباد پولیس نے نوازشریف کو خصوصی سکیورٹی فراہم کردی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ خصوصی سکیورٹی میں 3 اسپیشل پولیس وین بھی شامل ہیں۔

اے ٹی ایس اہلکاروں کا اسپیشل دستہ بھی نوازشریف کے لیے تعینات کیا گیا ہے، اسلام  آباد پولیس کا خصوصی اسکواڈ نواز شریف کے ساتھ سکیورٹی ڈیوٹی دےگا۔

خیال رہےکہ نواز شریف کو  پہلے ہی سابق وزیراعظم کی سکیورٹی دی جاچکی ہے۔

Share this Article
- اشتہارات -
Ad imageAd image