اسلام آباد : عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی شرط پر گھریلو گیس صارفین پر دوہرا بوجھ ڈالنے کی تیاری مکمل کرلی گئی، گیس کی قیمتوں میں اضافے کی منظوری آج دی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق نگران وزیر خزانہ ڈاکٹر شمشاد اختر کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس آج شام طلب کرلیا گیا۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ ای سی سی اجلاس میں تین نکاتی ایجنڈے پر غور کیا جائے گا، گیس کی قیمتیں بڑھانے کی سمری آج اقتصادی رابطہ کمیٹی اجلاس میں پیش کی جائے گی۔
ذرائع نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کی شرط کو مد نظر رکھتے ہوئے گیس قیمتوں میں اضافہ کیا جائے گا، گھریلو صارفین سمیت صنعتی صارفین کیلئے بھی گیس قیمتوں میں اضافہ کیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ ای سی سی اجلاس میں 10 لاکھ میٹرک ٹن گندم درآمد کی اجازت دیئے جانے کا امکان ہے اور ایرا کیلئے 48 کروڑ 40 لاکھ روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری متوقع ہے۔
خیال رہے گیس ٹیرف ایک سو تیرانوے فیصد تک بڑھانے اورگھریلو صارفین کیلئے گیس ایک سو باہتر فیصد تک مہنگی کرنے کی تجویز دی ہے۔
پروٹیکڈ صارفین کیلئے فکسڈ ماہانہ چارجز دس سے بڑھا کر چارسو روپے، برآمدی انڈسٹریز ٹیرف 950 روپے، ایکسپورٹ انڈسٹریز ٹیرف 2050 روپے، سی این جی کیلئے گیس قیمت دوہزار پانچ سو پچانوے روپے فی ایم ایم بی ٹی یو بڑھانے کی تجویزہے۔
ماہانہ دو سوکیوبک میٹر سے زائداستعمال پرفکسڈ چارجز1540 روپے بڑھانےکی تجویزدی گئی ہے جبکہ بجلی کارخانوں اور تندوروں کیلئے گیس قیمت برقرار رکھنے کی تجویز ہے، قیمتوں میں اضافے کا اطلاق یکم اکتوبر سے ہوسکتا ہے۔