بھارت کے فاسٹ بولر محمد شامی نے ورلڈکپ میں 33 ویں میچ کے دوران سجدہ کرتے ہوئے خود کو روکنے کے معاملے پر لب کشائی کی ہے۔
آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ 2023 میں محمد شامی سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر قرار پائے جنہوں نے ایونٹ میں غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
ورلڈکپ میں سری لنکا کے خلاف میچ میں بھارت ٹیم کو 302 رنز کی بڑی فتح حاصل ہوئی تھی، اس فتح میں شامی کا اہم کردار تھا جنہوں نے اپنی ٹیم کو 5 وکٹیں دلوائیں، محمد شامی نے 5 اوورز میں محض 18 رنز دے کر پانچ شکار کیے۔
شامی نے پانچویں وکٹ لینے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے پہلے آسمان کی طرف دیکھ کر شکر ادا کیا اور پھر بیٹھ کر سجدہ کرنے کی کوشش کی لیکن وہ اس دوران سجدہ نہ کرسکے اور سجدہ کرنے سے گریز کیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو صارفین نے اس پر خیالات کا اظہار کیا۔
اب بھارتی صحافی وکرانت گپتا سے ایک تقریب کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے محمد شامی نے اس پر ردعمل دیا اور کہا ‘ مجھے مسلمان اور بھارتی ہونے پر فخر ہے، اگر میں سجدہ کرنا چاہتا تو مجھے کوئی نہیں روک سکتا تھا’۔
محمد شامی کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنے کیرئیر میں کبھی بھی 5 وکٹیں لینے کے بعد سجدہ نہیں کیا، پہلے بھی 5 وکٹیں لے چکے ہیں۔
فاسٹ بولر نے کہا ‘اگر میں سجدہ کرنا چاہتا تو کرتا، اس میں مسئلہ ہی کیا ہے؟ اگر مجھے سجدہ کرنے کیلئے بھی کسی سے اجازت کی ضرورت پڑے تو پھر میں اس ملک میں کیوں رہوں؟’
انہوں نے کہا اگر میں سجدہ کرنا چاہوں تو بھارت میں ہر جگہ سجدہ کرسکتا ہوں۔