اسلام آباد: نگراں وفاقی وزیر صحت ڈاکٹر ندیم جان نے کہا ہے کہ پاکستان میں ہر 5 میں سے 1 بچہ غذائی قلت کا شکار ہے۔
نگراں وفاقی وزیر صحت ڈاکٹر ندیم جان نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان میں ہر 5 میں سے 1 بچہ غذائی قلت کا شکار ہے، پاکستان میں 22 فیصد بچے پیدائش کے وقت کم وزن کیساتھ پیدا ہوتے ہیں۔
وزیر صحت کا کہنا ہے کہ غذائی قلت کے حالات کسی صورت حوصلہ افزا نہیں ہیں، پاکستان میں 10 سال قبل تک بھی صحت اور غذا کے حوالے سے بہتری کی شرح انتہائی کم تھی۔
ڈاکٹر ندیم جان نے کہا کہ سیاسی حکومتوں نے غذا اور صحت پرکم دھیان اور وسائل لگائے، شہریوں کی آگاہی کے حوالے سے بھی تاحال ہم اچھے نتائج حاصل نہیں کرسکے، ہمیں ملکر ماں اور بچے کی صحت پر کوششیں کرنی ہونگی۔
واضح رہے کہ غربت، بھو ک، افلاس انسان سے جینے کا حق چھین لیتی ہیں۔ یہ ایک تلخ حقیقت ہے پاکستان میں غربت دن بدن بڑھتی چلی جارہی ہے اور اسی غربت کی ہی وجہ سے لوگوں کو مشکل سے دو وقت کی روٹی نصیب ہوتی ہے۔