Sargaram | Newspaper

ہفتہ 14 دسمبر 2024

ای-پیپر | E-paper

پاک ازبکستان تجارت کے حوالے سے بڑا فیصلہ

Share

اسلام آباد : نگراں وفاقی وزیر برائے تجارت ڈاکٹر گوہر اعجاز نے کہا ہے کہ پاکستان ازبکستان دو طرفہ تجارت آسان بنانے کیلئے بینکنگ چینلز کھولے جارہے ہیں۔

اسلام آباد میں ازبکستان کے نائب وزیراعظم ڈاکٹر جمشید خدجایف کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ دوطرفہ تجارت کا حجم100 ملین ڈالرز ہے، مزید اضافے کے لیے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔

ڈاکٹر گوہر اعجاز نے کہا کہ ازبکستان کے صدر کی خصوصی ہدایات پر مشترکہ ورکنگ گروپ قائم کر دیا گیا ہے اور مستقبل قریب میں دونوں ممالک کے تجارتی حجم میں مزید اضافے کی توقع ہے۔

نگراں وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیر اعظم نے ای سی او اجلاس میں بھی دو طرفہ تجارت کے فروغ پر زور دیا ہے، بینکنگ چینلز کھولنے کے لئے ازبکستان کے نائب وزیراعظم کے ہمراہ تین بڑے بینکس کے صدور بھی وفد کے ساتھ آئے ہیں۔

ڈاکٹر گوہر اعجاز کے مطابق انہوں نے ازبکستان کے نائب وزیراعظم کے ساتھ لاجسٹکس اور کنٹینر سروسز پر بھی گفتگو کی ہے اور ازبکستان کے لیے گوادر پورٹ کو استعمال کرنے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ایگزم بینک کو فعال کر دیا گیا ہے۔ پاکستان اور ازبکستان کے درمیان اسٹریٹجک روابط ہیں۔ پاکستان کو وسطی ایشیائی ممالک سے سستی توانائی حاصل کرنا ہوگی اور کاروباری برادری کے درمیان روابط کو بڑھانا ہوگا۔

مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ازبکستان کے نائب وزیراعظم نے کہا کہ انہوں نے یہاں کی کاروباری برادری سے ملاقاتیں کی ہیں اور ہم پاکستان کے ساتھ تجارت بڑھانے میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں اور ازبکستان کے کاروباری افراد بھی پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے کے خواہشمند ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ افغانستان کے ساتھ بھی سہ فریقی مذاکرات میں تجارتی سرگرمیوں کو بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے اور اس حوالے سے سہ فریقی سرمایہ کاری فورم نہایت اہمیت کا حامل ہے۔

ڈاکٹر جمشید نے مزید کہا کہ تجارت کو ڈیجیٹلائز کرنا بڑی پیش رفت ہے، دونوں ممالک کے مابین ہر ماہ ورکنگ گروپ کا اجلاس ہوگا۔

Share this Article
- اشتہارات -
Ad imageAd image