Sargaram | Newspaper

ہفتہ 27 جولائی 2024

ای-پیپر | E-paper

پنجاب میں شدید دھند، موٹر ویز بند، کئی پروازیں منسوخ

Share

وسطی پنجاب میں شدید دھند کے باعث موٹر ویز کئی مقامات پر بند کر دی گئی جب کہ لاہور سے متعدد پروازیں منسوخ اور درجنوں تاخیر کا شکار ہیں۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق وسطی پنجاب میں شدید دھند کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث لاہور موٹر وے متعدد مقامات پر بند کر دی گئی ہے جب کہ کئی بین الاقوامی پروازیں منسوخ اور درجنوں تاخیر کا شکار ہیں۔

موٹر وے ایم 2 لاہور تا کوٹ مومن اور موٹر وے ایم 3 فیض پور تا رجانہ تک دھند کی وجہ سے بند ہے جب کہ ایم 4 شیر شاہ تا پنڈی بھٹیاں اور ایم 5 جھانگڑہ شرقی سے اور روہڑی تک بھی دھند کی وجہ سے بند کیا گیا ہے۔

اسلام آباد موٹر وے ایم 2 ٹھوکر نیاز سے کوٹ سرور، لاہور سیالکوٹ موٹر وے ایم 11 کو بھی شدید دھند کی وجہ سے بند کیا گیا ہے۔

ترجمان موٹر ویز کے مطابق موٹر ویز کو عوام کی حفاظت اور محفوظ سفر یقینی بنانے کے لیے بند کیا جاتا ہے۔

دوسری جانب لاہور میں علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے اطراف بھی شدید دھند کا راج ہے اور رن وے پر حد نگاہ 350 میٹر ریکارڈ کی گئی ہے جس کے باعث 6 غیر ملکی پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں اور 16 سے زائد گھنٹوں تاخیر کا شکار ہے۔

ایئرپورٹ حکام  کے مطابق جدہ سے لاہور آنے والی سعودی ایئر کی پرواز ایس وی 734 کو منسوخ کر دیا گیا ہے۔ لاہور سے جدہ جانے والی پرواز ایس وی 735 بھی منسوخ ہو گئی ہے۔

الماتے سےلاہور آنے والی غیر ملکی ایئر لائن کی پرواز ڈی وی 849 اور کوالالمپور سے آنے والی غیر ملکی ایئر کی پروازاو ڈی 131 کو بھی منسوخ کر دیا گیا۔

اسی طرح کولمبو سے آنے والی سری لنکن ایئر کی پرواز یو ایل 185 اور لاہور سے کولمبو جانے والی پرواز یو ایل 186 بھی منسوخ ہو گئی ہیں۔

دھند کے باعث جو پروازیں تاخیر کا شکار ہیں ان میں جدہ سے آنے والی سیرین ایئر کی پرواز ہے جو 30 گھنٹے کی تاخیر سے اب کل (بدھ) کی دوپہر لاہور آئے گی۔ ابوظہبی سے لاہور ایئر بلیو کی پرواز 11 گھنٹے کی تاخیر سے لاہور پہنچے گی۔

جدہ سےآنے والی ایئر بلیو کی پرواز 9 گھنٹے 20 منٹ کی تاخیر سے آج رات آئے گی جب کہ مسقط سے آنے والی ایئر سیال کی پرواز پی ایف 733 سات گھنٹے کی تاخیر کا شکار ہے۔

ارمچی سے آنے والی چائنا سدرن کی پرواز 2 گھنٹے 20 منٹ اور کراچی سے آنے والی پی آئی اے کی پرواز ایک گھنٹہ کی تاخیر کے بعد لاہور آئے گی۔

Share this Article
- اشتہارات -
Ad imageAd image