اسلام آباد: سپریم کورٹ نے چیئرمین تحریک انصاف کی ضمانت کی درخواستیں سماعت کیلئے مقرر کردیں۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے چیئرمین پی ٹی آئی کی سائفر کیس میں ضمانت کی درخواستوں پر بینچ تشکیل دے دیا ہے۔
جسٹس سردار طارق مسعود کی سربراہی میں تین رکنی بینچ 22 نومبر کو اپیلوں پر سماعت کرے گا۔ جسٹس یحییٰ آفریدی اور جسٹس عائشہ ملک بھی بینچ میں شامل ہیں۔
چیئرمین تحریک انصاف نے سائفر کیس میں ضمانت کیلئے سپریم کورٹ میں اپیل دائر کی تھی۔ انہوں نے سائفر کیس میں فرد جرم کی کارروائی بھی چیلنج کی تھی۔ رجسٹرار آفس نے چیئرمین پی ٹی آئی کی لیگل ٹیم کو نوٹس جاری کردیا ہے۔