ریسکیو 1122 کے مطابق تیمرگرہ خزانہ بائی پاس روڈ پر کراچی سے باجوڑ جانے والی بس کھائی میں جا گری، بس میں 52 افراد سوار تھے۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں جائے وقوع پر پہنچیں اور امدادی کارروائی شروع کردی۔
ابتدائی اطلاعات میں حادثے کے نتیجے میں ایک مسافر کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کردی گئی ہے جب کہ 39 زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔
حادثے کے بعد ڈسڑکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال تیمرگرہ میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔ ڈپٹی کمشنر لوئر دیر تیمرہ گرہ نے اسپتال کا دورہ کرکے زخمیوں کی عیادت کی۔ حادثے میں زخمی ہونے والوں میں لوئر دیر، باجوڑ، مہمند کے مسافر شامل ہیں۔