جیسے جیسے عام انتخابات کا وقت قریب آ رہا ہے سیاسی جوڑ توڑ میں بھی تیزی آتی جا رہی ہے ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی کی سیاست میں نئے اتحاد کی تیاری کی جا رہی ہے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات کے شیڈول کے اعلان کے بعد سیاسی جماعتوں کی انتخابی سرگرمیوں کے حوالے سے تیزی آ گئی ہے۔ ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی کی سیاست میں نئے اتحاد کی تیاری کی جا رہی ہے۔
عام انتخابات میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے لیے عوامی نیشنل پارٹی نے متحدہ قومی موومنٹ پاکستان اور مسلم لیگ ن سے رابطے کیے ہیں۔
اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم اور اے این پی میں کراچی کے مختلف حلقوں میں انتخابی اتحاد کے حوالے سے گفتگو کی گئی ہے اور ہم خیال اتحاد بنانے کے ساتھ دونوں جماعتوں کے درمیان رابطوں کو جاری رکھنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق اے این پی کی سیٹ ایڈجسٹممنٹ کے حوالے سے ایم کیو ایم اور ن لیگ سے متعدد ملاقاتیں ہو چکی ہیں تاہم اب تک کوئی حتمی فیصلہ سامنے نہیں آ سکا ہے۔
ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ عوامی نیشنل پارٹی سندھ کے بیشتر رہنما پیپلز پارٹی سے اتحاد کے حق میں نہیں ہیں۔
واضح رہے کہ ایم کیو ایم اور مسلم لیگ ن پہلے ہی مل کر الیکشن لڑنے اور آئندہ ساتھ چلنے کا اعلان کر چکے ہیں۔