چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ ہمیں گیٹ نمبر 4 کی سیاست نہیں آتی، میں کسی اور کی طرف نہیں دیکھنا چاہتا، عوام پر بھروسہ کرتا ہوں۔
شانگلہ میں پیپلز پارٹی کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ کہیں اور نہیں دیکھوں گا، نہ کسی سے مدد مانگوں گا لیکن عوام سے مدد مانگتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ پرانے سیاستدان آج بھی پرانی اور انا کی سیاست کر رہے ہیں، پیپلز پارٹی ہی ہے جس نے ماضی میں بھی آپ کو مشکلات سے نکالا، ہمارا مقابلہ کسی سیاستدان سے نہیں بلکہ غربت، بےروزگاری اور مہنگائی سے ہے۔
بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ اپنی والدہ سے سیکھا ہے کہ غریبوں کی نمائندگی کس طرح کرنی ہے، ہمیں گالم گلوچ اور ٹک ٹاک کی سیاست نہیں آتی۔
سابق وزیرِ خارجہ کا کہنا ہے کہ ایک طرف سیاست تقسیم کا شکار ہے، دوسری طرف معاشی حالات بدتر ہوتے جا رہے ہیں، میرا ملک مشکل میں ہے، آئیں میرا ساتھ دیں، ہم کیسے اس ملک کی قسمت تبدیل کریں گے، میں نے تمام سیاستدان کو قریب سے دیکھا ہے۔
پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ جیسے آپ پہنچان چکے ہیں، میں بھی انہیں جانتا ہوں، ان کے پاس صرف پرانی سیاست ہے، جو انتقام کی سیاست ہے، ہمیں ایسی سیاست کو دفن کرنا ہے، جب معاشی ترقی کی بات ہو تو مزدور کی ترقی کی بات ہو۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ اشرافیہ کی ترقی کی بات نہیں ہونی چاہیے، کوئی اور سیاسی جماعت اور سیاستدان نہیں جس کے ہاتھ صاف ہوں، 18 مہینے وزیرِ خارجہ رہا، میرے ہاتھ صاف ہیں، میں اپنی جیب بھرنے کے بجائے آپ کی جیب بھرنا چاہتا ہوں، آپ سے وعدہ کرتا ہوں 5 سال میں آپ کی تنخوا دگنی کریں گے۔