Sargaram | Newspaper

پیر 20 مئی 2024

ای-پیپر | E-paper

سڈنی ٹیسٹ؛ دوسری اننگز میں پاکستانی بیٹنگ لائن کا فلاپ شو، 7 وکٹیں جلد گنوادیں

Share

سڈنی /   کراچی: سڈنی ٹیسٹ کے تیسرے روز پاکستان نے آسٹریلیا کیخلاف بیٹنگ لائن ایک مرتبہ پھر ریت کی دیوار ثابت ہوئی، دوسری اننگز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 68 رنز بنالیے، قومی ٹیم کو کینگروز پر 81 رنز کی برتری حاصل ہے۔ 

سڈنی میں کھیلے جارہے سیریز کے تیسرے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز پہلی اننگز کا آغاز 2 وکٹوں کے نقصان پر 116 رنز سے کیا، مارنس لبوشین اور اسٹیو اسمتھ ٹیم کے اسکور میں 71 رنز کا اضافہ کرنے میں کامیاب ہوئے تاہم 187 کے مجموعی اسکور پر اسمتھ پاکستانی بالرز کا شکار بنے، انہوں نے 38 رنز اسکور کیےجبکہ ٹریوس ہیڈ 10 رنز کے مہمان ٹھہرے۔

ایلکس کیری اور مچل مارش نے چھٹی وکٹ کی شراکت میں 85 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی تاہم کیری 38 رنز بناکر پویلین لوٹے جبکہ مچل مارش نے 54 کی رنز کی اننگز کھیلی۔ انکی وکٹ گرتے ہی پاکستانی بالرز نے کینگروز کو سنبھلنے کا موقع بھی نہ دیا، نتھین لائن 5، جوش ہیزل ووڈ اور کپتان پیٹ کمنز صفر پر پویلین روانہ ہوئے۔

پاکستان کی جانب سے عامر جمال نے 5، آغا سلمان نے 2 جبکہ میر حمزہ اور ساجد خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

قومی ٹیم نے دوسری اننگز کا آغاز کیا تو ایک مرتبہ پھر عبداللہ شفیق صفر پر پویلین روانہ ہوئے جبکہ کپتان شان مسعود گولڈن ڈک کا شکار ہوئے۔ تیسری وکٹ کی شراکت میں بابراعظم اور صائم ایوب نے 55 رنز کی شراکت داری قائم کی تاہم صائم کی مزاحمت 33 رنز پر سمٹ گئی اور بابراعظم 23 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔

آسٹریلوی بالر جوش ہیزل ووڈ نے ایک اوور میں سعود شکیل، ساجد خان اور آغا سلمان کی وکٹیں لیکر پاکستانی بیٹنگ لائن کو زمین بوس کردیا، محمد رضوان 6 رنز بناکر کریز پر موجود ہیں۔

آسٹریلیا کی جانب سے جوش ہیزل ووڈ میں 4 جبکہ نتھین لائن، مچل اسٹارک اور ٹریوس ہیڈ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

دوسرا روز

کھیل کا دوسرا روز بارش اور خراب روشنی کی نظر ہوگیا تھا، گزشتہ روز بیٹنگ کرتے ہوئے آسٹریلیا نے اپنی پہلی اننگز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 116 رنز بنائے تھے۔ اوپنر ڈیوڈ وارنر 34 جبکہ عثمان خواجہ 47 رنز بناکر آؤٹ ہوئے تھے۔ مارنس لبوشین 23 اور اسٹیو اسمتھ 6 رنز بناکر کریز پر موجود تھے۔

پاکستان کی جانب سے آغا سلمان اور عبداللہ شفیق نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

پاکستانی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 313 رنز بناکر آل آؤٹ ہوئی تھی جبکہ آسٹریلوی ٹیم ایک اوور بیٹنگ کرسکی تھی۔

پہلا روز

پہلی اننگز میں پاکستانی ٹیم کی بیٹنگ لائن ایک مرتبہ پھر ریت کی دیوار ثابت ہوئی، ڈیبیو کرنیوالے نوجوان بیٹر صائم ایوب اور عبداللہ شفیق صفر پر پویلین لوٹے۔ مڈل آرڈر بیٹر بابراعظم نے 26 اور سعود شکیل 5 رنز کے مہمان ثابت ہوئے جبکہ کپتان شان مسعود نے 35 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

چھٹی وکٹ کی شراکت میں محمد رضوان اور سلمان علی آغا نے ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا لیکن 190 کے مجموعے پر رضوان 88 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوگئے۔ سلمان آغا 53، ساجد خان 15 رنز بناکر وکٹ گنوا بیٹھے۔

نویں وکٹ کی شراکت میں عامر جمال اور میر حمزہ نے 86 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی اور پاکستان کا اسکور 313 رنز تک پہنچایا۔ عامر جمال نے 4 چھکوں اور 9 چوکوں کی مدد سے 82 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیلی تاہم وہ نتھین لائن کا شکار بنے۔

آسٹریلیا کی جانب سے پیٹ کمنز نے 4، مچل اسٹارک نے 2 جبکہ جوش ہیزل ووڈ، نتھین لائن اور مچل مارش نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

آسٹریلیا کا اسکواڈ؛ کپتان پیٹ کمنز، ڈیوڈ وارنر، عثمان خواجہ، اسٹیو اسمتھ، مارنس لبوشین، نیتھن لوئن، مچل مارش، لانس مورس، مچل اسٹارک، اسکاٹ بولینڈ، ایلکس کیری، کیمرون گرین، جوش ہیزل وڈ اور ٹریوس ہیڈ شامل ہیں۔

پاکستان کا اسکواڈ: کپتان شان مسعود، اوپنر صائم ایوب، عبداللہ شفیق، بابراعظم، سعود شکیل، محمد رضوان، سلمان علی آغا، ساجد خان، حسن علی، میر حمزہ اور عامر جمال شامل ہیں۔

Share this Article
- اشتہارات -
Ad imageAd image