اسلام آباد:(روزنامہ سر گرم) نیب سے سزا یافتہ افراد کی 10 سالہ نااہلی کے معاملے پر نیب کو عدالت سے فوری طور پر کوئی ریلیف نہ مل سکا۔
نیب نے سزا یافتہ افراد کی 10 سالہ نااہلی کم کرکے 5 سال کرنے کے فیصلے کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ میں اپیل دائر کررکھی ہے جسے عدالت نے 4 جنوری کو سماعت کے لیے مقرر کیا ہے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی اور جسٹس ثمن رفعت نے نیب کی مرکزی اپیل پر سماعت کی جس سلسلے میں سینئر اسپیشل پراسیکیوٹر نیب محمد رافع عدالت کے سامنے پیش ہوئے اور مؤقف اختیار کیا کہ فائق علی جمالی کے خلاف بلوچستان میں 9 ریفرنسز میں فیصلہ ہوا اور الیکشن کمیشن کے معاملات میں سنگل بینچ کا فیصلہ پیش کیا جارہا ہے۔