اسلام آباد: فاٹا اصلاحات کے لیے جماعت اسلامی کا خیبرپختون خوا سے شروع ہونے والا لانگ مارچ وفاقی دارالحکومت پہنچ گیا ہے۔
جماعت اسلامی کی فاٹا اصلاحات ریلی فیض آباد پہنچ گئی ہے۔ لانگ مارچ میں جماعت اسلامی کے کارکنوں کی بڑی تعداد شریک ہے۔ جماعت اسلامی فاٹا کو خیبرپختون خوا میں ضم کرنے اور دیگر اصلاحات کے نفاذ کا مطالبہ کررہی ہے۔ لانگ مارچ کے شرکاء ڈی چوک پہنچ کر دھرنا دیں گے جہاں امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق خطاب کریں گے۔
حکومت نے کل پیر کو فاٹا اصلاحات بل قومی اسمبلی میں لانے اور ایف سی آر کا قانون ختم کرنے کا اعلان کیا تھا تاہم گزشتہ روز بل اسمبلی میں پیش نہ کرنے پر اپوزیشن نے شدید ہنگامہ کیا جب کہ آج بھی فاٹا بل کو قومی اسمبلی کے ایجنڈے سے نکالنے پر اپوزیشن نے واک آؤٹ کیا۔ پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان نے فاٹا کو خیبرپختون خوا میں ضم کرنے کے لیے سپریم کورٹ میں پٹیشن بھی دائر کی ہے۔