Sargaram | Newspaper

اتوار 28 اپریل 2024

ای-پیپر | E-paper

وزارت خزانہ نے پیٹرولیم اور پاور سمیت توانائی کے شعبے کا گردشی قرضہ کم کرنے کیلئے اربوں روپے جاری کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

Share

وزارت خزانہ نے پیٹرولیم اور  پاور سمیت توانائی کے شعبے کا گردشی قرضہ کم کرنے کیلئے اربوں روپے جاری کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

وزارت خزانہ کے ذرائع کے مطابق توانائی کے شعبے کا گردشی قرضہ کم کرنے کیلئے 12 سو 50 ارب روپے جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق توانائی کے شعبے کا 12 سو 50 ارب روپے کا گردشی قرضہ سیٹل کرنے کا منصوبہ عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) سے بھی شیئرکیا جائے گا۔

فیصلے کے تحت پیٹرولیم سیکٹر کیلئے ہزار ارب اور پاور سیکٹر کیلئے 250 ارب روپے جاری کیے جائیں گے۔

فیصلے کے مطابق آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی (اوجی ڈی سی ایل) کو600 ارب، پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ (پی پی ایل) کو 150، گورنمنٹ ہولڈنگز پرائیویٹ لمیٹڈ (جی ایچ پی ایل) کو 170 ارب اور نیشنل پاور پارکس منیجمنٹ کمپنی لمیٹڈ کو بھی 100 ارب روپے جاری کیے جائیں گے۔

ذرائع کے مطابق توانائی شعبے کے گردشی قرضے کی سیٹلمنٹ کیلئے آئی ایم ایف کی منظوری لازمی ہے اس لیے وزیراعظم نے وزارت خزانہ کی بریفنگ کے بعد رقم کے اجراء سے متعلق  آئی ایم ایف سے منظوری کیلئے ہدایات جاری کردی ہیں۔

وزارت خزانہ کے ذرائع نے بتایا کہ منظوری کے بعد وزارت خزانہ 900 ارب روپے جاری کرے گی جبکہ  آئی ایم ایف کے شرائط پر عمل درآمد کرتے ہوئے گردشی قرضے کیلئے کیش سیٹلمنٹ کی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق گردشی قرضے کی سیٹلمنٹ کیلئے کیش دینے سے مالیاتی خسارے میں اضافہ نہیں ہوگا،  سیٹلمنٹ سے ڈیویڈنڈ اور ٹیکس کی مد میں 800 ارب روپے ملیں گے۔

Share this Article
- اشتہارات -
Ad imageAd image