Sargaram | Newspaper

ہفتہ 27 اپریل 2024

ای-پیپر | E-paper

پاکستان ایران گیس پائپ لائن منصوبے کی حمایت نہیں کرتے؛ امریکا

Share

واشنگٹن: امریکی وزیر خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے پریس بریفنگ کے دوران اسسٹنٹ سیکرٹری ڈونلڈ لو کے بیان کا اعادہ کیا جس میں کہا گیا تھا کہ امریکا پاکستان اور ایران کے درمیان گیس پائپ لائن کے منصوبے کی حمایت نہیں کرتا۔

ان خیالات کا اظہار میتھیو ملر نے ہفتہ وار پریس بریفنگ میں ایک صحافی کے جواب میں کیا۔ صحافی نے پوچھا تھا کہ ڈونلڈ لو نے واضح طور پر کہا تھا کہ پاکستان کے ایران کے ساتھ گیس پائپ لائن پر کام شروع کرنے کے حق میں نہیں ہیں لیکن اس کے باوجود پاکستان کچھ قانونی اداروں اس پراجیکٹ پر مشورہ کر رہا ہے۔

صحافی نے سوال کیا کہ اس صورت میں کیا امریکا پاکستان کو کسی پابندی پر چھوٹ دے سکتا ہے یا نہیں؟

ترجمان میتھیو ملر نے کہا کہ  میں کسی بھی ممکنہ پابندی کی کارروائی کے بارے میں کچھ نہیں کہنا چاہوں گا لیکن ہمیشہ سب کو یہی مشورہ دیتے ہیں کہ ایران کے ساتھ کاروبار کرنے سے امریکی پابندیوں کی زد میں آسکتے ہیں۔ اس لیے ہر ایک کو اس پر بہت احتیاط اور غور کرنے کا مشورہ دیں گے۔

صحافی نے ایک اور سوال کیا کہ پاکستان میں 5 چینی انجینیئرز خود کش کار بم دھماکے میں ہلاک ہوگئے۔ کیا امریکا چین کے ساتھ بھی مشترکہ منصوبے کرنے والے ممالک کے بارے وہی رائے رکھتا ہے جو وہ ایران کے ساتھ رکھتا ہے؟ خاص طور پر سی پیک کے حوالے سے؟

جس پر ترجمان میتھیو ملر نے جواب دیا کہ ہم چینی انجینئرز پر حملے کی مذمت کرتے ہیں۔ لوگوں کے ہلاک اور زخمی ہونے پر گہرا دکھ ہے، متاثرہ افراد کے ساتھ دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔ پاکستانی عوام نے دہشت گردوں کے ہاتھوں بہت نقصان اٹھایا ہے۔ کسی بھی ملک کو دہشت گردی کی کارروائیوں کا شکار نہیں ہونا چاہیے۔ اور اس سے زیادہ میں کچھ نہیں کہوں گا۔

 

Share this Article
- اشتہارات -
Ad imageAd image