Sargaram | Newspaper

پیر 06 مئی 2024

ای-پیپر | E-paper

پاکستان کی 3 بڑی جماعتیں ناکام ہو چکی ہیں: شاہد خاقان عباسی

Share

سابق وزیرِ اعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ پاکستان کی 3 بڑی جماعتیں ناکام ہو چکی ہیں، ان جماعتوں کے پاس عوام کے مسائل کا حل نہیں ہے، نئی جماعت بنانے کا فیصلہ الیکشن کے بعد کریں گے۔

نیب اور اینٹی کرپشن کے ادارے صرف الیکشن اور سیاست میں جوڑ توڑ کے لیے استعمال ہو رہے ہیں، الیکشن مقدس عمل ہے اس کو متنازع بنانے سے ملک کو نقصان ہو گا۔(روزامہ سر گرم)

یہ بات شاہد خاقان عباسی نے اینٹی کرپشن آفس راولپنڈی کے باہر میڈیا سے گفتگو کے دورا ن کہی ہے۔

سابق وزیرِ اعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ نواز شریف میرے قائد تھے، پارٹی میں اختلاف ہے جس پر اس سے علیحدہ ہوا۔

ان کا کہنا ہے کہ الیکشن کو متنازع نہیں بنایا جانا چاہیے، یہ سسٹم چلنے والا نہیں، نہ ہی 2018ء میں چلا، نہ اب چلے گا۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ جو الیکشن نہیں لڑ رہے ان کے ساتھ یہ ہو رہا ہے، جو الیکشن لڑ رہے ہیں ان کا کیا حال کیا جاتا ہو گا؟

سابق وزیرِ اعظم نے کہا کہ آج کا نوٹس میرے بجائے میرے ترجمان کو جاری ہوا ہے، یہ صرف الیکشن کے عمل میں ہراساں کیے جانے کا ایک انداز ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت میں بھی مجھے اینٹی کرپشن سے محبت نامے آتے رہے، میں نے جب کہا کہ میں ایم این اے ہوں تو اینٹی کرپشن نے معافی مانگ لی۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ آج ایک سادے کاغذ پر لکھ کر بھیجا گیا کہ آپ نے سڑک بنانے میں خورد برد کی، مجھ پر الزام ہے کہ 2 سڑکوں کی تعمیر کے ٹھیکے من پسند افراد کو دیے، یہاں پہنچا ہوں تو کہا گیا ہے کہ سڑکیں تو بنی ہی نہیں۔

انہوں نے کہا کہ نگراں وزیرِ اعظم کو کہتا ہوں کہ الیکشن کو غیر متنازع بنائیں، جو الیکشن ملک میں انتشار پھیلائے شکر ہے کہ اس کا حصہ نہیں ہوں۔

سابق وزیرِ اعظم نے کہا کہ 1947ء سے اب تک تمام الیکشن چوری ہوئے، چیف الیکشن کمشنر، اور وزیرِاعظم کی ذمے داری ہے کہ الیکشن کو غیر متنازع بنائیں، الیکشن کرانا حاکمِ وقت اور اربابِ اختیار کی ذمے داری ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ نیب، اینٹی کرپشن کے ادارے ملک کے کرپٹ ترین ادارے بن چکے، ان کا احتساب کون کرے گا؟ آج یہ ادارے سیاست میں جوڑ توڑ کے لیے استعمال ہوتے ہیں۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ آج لوگ پوچھتے ہیں کہ دنیا ترقی کر رہی ہے اور پاکستان زوال پزیر کیوں ہے؟ 1947ء سے لے کر آج تک ہر الیکشن چوری ہوا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ عوام اس الیکشن کے پراسس سے مایوس ہیں، ووٹ کو عزت دو کا بیانیہ آئینی تھا، میں نے الیکشن چھوڑا ہے، سیاست نہیں چھوڑی، یہ الیکشن ملک کو انتشار دے گا۔

سابق وزیرِ اعظم شاہد خاقان عباسی نے یہ بھی کہا کہ الیکشن کو بامقصد بنانا پولیٹیکل لیڈر شپ کا کام ہوتا ہے، ملک کی پولیٹیکل لیڈر شپ اور جوڈیشل لیڈر شپ ٹیبل پر بیٹھے اور آگے کے راستے کا تعین کرے۔

 

Share this Article
- اشتہارات -
Ad imageAd image